بنگلورو،29؍ستمبر(ایس او نیوز؍عبدالحلیم منصور) اومنی کار کو ٹکر مارکر عوام کے حملے کا شکار صنعت کار وسیاستدان کا پوتا اسپتال سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ہے، ملیا اسپتال کے آئی سی یو میں زیر علاج وشنو آج صبح پولیس کو چکما دینے میں کامیاب ہوگیا اور ایمرجنسی ڈور سے راہ فرار اختیار کرلی۔ اس خصوص میں کبن پارک پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور فرار ہونے میں مدد کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت دی گئی ہے۔ جئے نگر ساؤتھ اینڈ سرکل سے قریب پرسو ں رات اپنی مرسیڈیز کار میں نشہ میں دھت صنعت کار آدی کیشولو کے پوتے وشنو کو عوام نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کیاتھا، جسے ملیا اسپتال میں داخل کیاگیا تھا۔ حادثہ کے وقت وشنو کی کار سے گانجہ بھی ضبط کیاگیاتھا، جس پر جئے نگر پولیس نے مقدمہ درج کیا تھا۔ آج اس خصوص میں اس سے پوچھ تاچھ کیلئے جب پولیس اسپتال پہنچی تو وہ فرار ہوچکا تھا، جبکہ اسپتال میں پولیس عملہ بھی موجود تھا۔ ڈی سی پی شرنپا نے اسپتال میں موجود سی سی ٹی وی کیمروں کا جائزہ لیتے ہوئے پولیس کمشنر کو رپورٹ پیش کردی ہے، جس کی بنیاد پر اس معاملے کی تحقیقات کیلئے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔